مدورائی۔19 نومبر ( پریس ریلیز؍ایس او نیوز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ایم کے فیضی جو تمل ناڈو میں گزشتہ ایک ہفتے سے ریاست کے مختلف اضلاع میں پارٹی کارکنان سے ملاقات کرتے آرہے ہیں ،کل یہاں مدورائی شہر میں منعقد ایک پروگرام کے اختتام کے بعد اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمل ناڈو میں گاجا طوفان سے اب تک 40سے زائد اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے اس موقع پر تمل ناڈو حکومت کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بر وقت احتیاطی تدابیر اور اقدامات کی وجہ علاقے کے عوام بھاری نقصانات سے بچ پائے ہین۔ ایم کے فیضی نے مزید کہاکہ تمل ناڈو حکومت نے گاجا طوفان متاثرین کو جو معاوضہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے وہ کافی نہیں ہے۔انہوں نے تمل ناڈو حکومت سے مطالبہ کیا کہ طوفان کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو 10لاکھ روپئے کے بجائے 25لاکھ روپئے جاری کرے۔ اسی طرح طوفان کی وجہ سے شدیداور معمولی زخمی افراد کو صرف 1لاکھ اور 25ہزار کے بجائے فی کس 5لاکھ اور 1لاکھ روپئے جاری کئے جائیں۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تمل ناڈو میں گاجا طوفان سے متاثر 7اضلاع میں فوری طور پر راحت رسانی اور امداد بہم پہنچانے کے اقدامات کرے نیزمرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس بحران کے موقع پر تمل ناڈو کو مناسب مالی امداد فراہم کرے۔ نریندرمودی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس سال کے ابتدا میں کیرلاکے تباہ کن سیلاب کے دوران ریاست کیرلا کے ساتھ اپنائے گئے دوغلی پالیسی کو تمل ناڈو میں نہ دہرائے۔ایم کے فیضی نے متاثرہ اضلاع میں ٹاسک فورس تشکیل دیکر راحت رسانی کے کام میں لگے ایس ڈی پی آئی کارکنان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ راحت رسانی کے کام میں مزید تیزی لائیں۔ دریں اثناء انہوں نے اخباری کانفرنس میں این ڈی اے حکومت کو اپنے اس وعدے کی یاددہانی کراتے ہوئے کہا کہ مرکز ی حکومت نے مدورائی میں AIIMSقائم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس پر کام شروع نہیں ہوا ہے لہذا مرکزی حکومت اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے مدورائی میں جلد از جلد AIIMSقائم کرنے کے اقدامات کرے۔ ایس ڈی پی آئی قومی صدر ایم کے فیضی نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ایس ڈی پی آئی جلد ہی ملک گیر سطح پر "آئین ہند بچاؤ "مہم کا آغاز کرے گی۔ بابا صاحب امبیڈکر اور ان کی ٹیم کی طرف سے تیار کردہ آئین ہند کی جگہ عفرانی بریگیڈ نے ہمارے ملک میں منو سمرتی نافذ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے یا د دلاتے ہوئے کہا کہ اگر منو سمرتی ہمارا آئین ہوتا تو مسٹر نریندر مودی جو ایک پسماندہ چائے والا تھے وہ اس ملک کے وزیر اعظم نہیں بن پاتے۔ ایم کے فیضی نے ملک کے تمام چھوٹے بڑے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے انا کو پرے رکھ کر آئین ہند جو ہندوستانی سیاست کی بنیاد ہے اس کو بچانے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں۔ پریس کانفرنس میں ایس ڈی پی آ ئی قومی نائب صدر دہلان باقوی، قومی جنرل سکریٹری عبدالمجید،ایس ڈی پی آئی ریاستی صدر محمد مبارک موجود رہے۔